تلہ گنگ کی خبریں 23/01/2016

Talagang

Talagang

تلہ گنگ: تجاوزات کے خلاف آپریشن، الکرم پلازہ مکمل مسمار، ٹی ایم اے کے عملہ نے صفائی کا کام شروع کر دیا، کسی قسم کی کوئی مزاحمت نہیں ہوئی، شہریوں کے اسسٹنٹ کمشنر کے حق میں نعرے، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود، تجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، اسسٹنٹ کمشنر کا اعلان، شہریوں کا خیر مقدم۔ تفصیلات کے مطابق تلہ گنگ شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن میں دکانو ں کو مسمار کیا جا رہا ہے اور اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ وسیم خان نگرانی کر رہے ہیں۔

آپریشن کا آغاز ہوتے ہی یہ خبر پورے شہر میں پھیل گئی اور شہری موقع پر پہنچنا شروع ہو گئے۔حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور خاردار تاریں لگا کر سڑک کو ایک جانب سے بند کیا گیا تھا۔آپریشن کا آغاز الکرم بلڈنگ سے ہوا اور بلدیہ کی دکانوں سمیت متعدد تجاوزات میں شامل دکانیں گرائی گئیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ وسیم خان شہریوں میں گھل مل گئے،شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے درمیان دیکھ کر اے سی وسیم خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔سڑک کی اطراف کی چھتوں پر بھی شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آپریشن کے دوسرے روز جہاں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دکانیں گرانا شروع کر دی تھیں وہیں ہیوی مشنری کے پہنچنے کے بعد آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر وسیم خان سارے آپریشن کی نگرانی کرتے رہے اور موقع پر موجود رہے۔شدید سردی اور دھند کے باوجود ساڑھے نو بجے تک آپریشن جاری تھا۔

الکرم پلازہ مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا ہے۔تجاوزات کے خلاف آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے فعال نظر آئے اس موقع پر پنجاب پولیس، الیٹ فورس اور اینٹی ٹیرا رزم فورس کے چاک و چو بند دستے بلٹ پروف جیکٹس پہنے سر پر آہنی ہیلمٹ رکھے جب اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں ٹی ایم اے سے باہر آئے تو ان کی آمد قابل دید تھی۔ تمام فورس چوکنا تھی اور تماشا دیکھنے والوں کو ایک قدم آگے نہیں آنے دیا گیا۔ آپریشن شروع ہوتے ہی ایلیٹ فورس کے جوانوں نے اسلحہ ہاتھوں میں تھام لیا اور فائرنگ پوزیشن میں لا کر اردگرد کی عمارات کے چھتوں پر خصوصی نگاہ رکھی۔

ایس ایچ او محمد بندیال بھی کافی فعال نظر آئے جبکہ ٹریفک پولیس بھی موجود تھی۔ تجاوزات کے خلاف کیئے گئے آپریشن کے بعد لوگوں نے راتوں رات دکانیں خالی کر کے از خود گرانے کا عمل شروع کر دیا جس کے بعد ابھی تک مشینری ٹی ایم اے سے باہر نہیں آئی جبکہ تمام شہر میں لوگ مزدوروں کی مدد سے اپنا اپنا تجاوز مسمار کر رہے ہیں۔

اس موقع پر شہر میں کاروبار مفلوج ہے تمام لوگ بری طرح مصروف ہیں۔ واپڈا کی جانب سے رضاکارانہ تجاوز ختم کرنے والوں کی حفاظت کے نقطہ نظر سے بجلی بند کر دی گئی ہے کیونکہ تمام مین لائنز دکانوں کے اوپر سے گزر رہی ہیں۔اس موقع پر اے سی تلہ گنگ وسیم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آپریشن تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔تلہ گنگ کو ماڈل سٹی بنانے میں عوام کا ساتھ اور جذبہ قابل تحسین ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تلہ گنگ: اسسٹنٹ کمشنرتلہ گنگ وسیم احمد خان جو اپنے رعب اور دبنگ سٹائل کی وجہ سے دبنگ خان کالقب پا چکے ہیں آپریشن کے دوران بھرپور فارم میں نظر آئے پولیس ٹی ایم اے عملہ اور دیگر ادارے بھی ان کی سربراہی میں چاک و چوبند تھے۔ شدید سردی اور دھند کے باوجود وسیم خان نے ٹو پیس سوٹ پہن رکھا تھا اور تمام دن متحرک نظر آئے کئی مواقع پر انہو ں نے جارحانہ پیش قدمی کروا کے کام میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی۔ اس موقع پر شہری اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے درمیاں پا کر پر جوش ہو گئے اور وسیم خان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔ نوجوانوں کی اکثریت دبنگ خان سے ہاتھ ملاتی رہی اور کئی نوجوانوں نے وسیم خان کو کہا سر آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وسیم خان سب کا خندہ پیشانی سے استقبال کرتے رہے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں نے کہا کہ وسیم خان ہمارا رو ل ماڈل بن گئے ہیں۔ وہ حقیقی معنوں میں دبنگ خان ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تلہ گنگ : تلہ گنگ میں تجازات کے خلاف آپریشن کے لیے شہر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا جس میں زون ون جی پی او تا پرانا لاری اڈہ جبکہ زون ٹو جی پی او تا ویٹر نری ہاسپٹل ہے۔زون ون میں رضاکارانہ طور پر دکانیں مسمار کر نے کا عمل شروع ہے لہیکن حیران کن طور پر زون ٹو کے تمام دکاندار ابھی تک ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ اگر زون ٹو میں آپریشن کا آغاز ہوا تو ان کو سامان نکالنے کی مہلت نھی نہیں ملے گی کیونکہ ٹی ایم اے نے جمعرات کی رات واضح کر دیا تھا کہ آپریشن تمام تجاوزات کے خاتمے تک جاری رہے گا۔