اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت قانون نے سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کودی گئی سرکاری بلٹ پروف گاڑی واپس لینے کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزارت قانون نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ افتخار محمد چوہدری کو دی گئی بلٹ پروف گاڑی واپس لینے کے لئے درخواست کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ یہ درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی جائے گی،جس میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ سابق چیف جسٹس کو عدالت کے حکم پر سرکاری بلٹ پروف گاڑی دی گئی تھی۔
لیکن اب انہوں نے باضابطہ طور پر سیاست میں قدم رکھ دیا ہے، اس لئے وہ یہ گاڑی رکھنے کے اہل نہیں، اگر انہیں گاڑی رکھنے کی اجازت دی گئی تو ملک کے دیگر سیاستدان بھی سرکاری بلٹ پروف گاڑیاں مانگیں گے۔
واضح رہے کہ عدالت کے حکم پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو سرکاری بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی تھی جس کے تمام اخراجات بھی وزارت قانون ہی برداشت کرتی ہے۔