بلوچستان (جیوڈیسک) ایف سی اور حساس اداروں نے بلوچستان کے علاقے وندر میں شرپسندوں کی موجودگی پر کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 شرپسند مارے گئے جبکہ پسنی میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
فرنٹیئر کور بلوچستان اورحساس ادارے نے بیلہ کے علاقے وندر میں کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کی موجودگی اطلاع پر کارروائی کی ، کارروائی کے دوران شرپسندوں نے ایف سی پر فائرنگ کر دی ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق جوابی فائرنگ سے کالعدم تنظیم کے 4 شرپسند مارے گئے جبکہ ہلاک ہونے والے شرپسندوں کے قبضہ سے دستی بم ، ایس ایم جیز اور دوسرا جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے شرپسند اغواء برائے تاوان ، بھتہ خوری منشیات ، اسمگلنگ اور سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ دوسری طرف سپنی کے اے ایریا وارڈ نمبر 2 میں رات گئے سیکورٹی فورسز کے اہلکار سرچ آپریشن کر رہے تھے کہ دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی ، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے جن کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ، لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ، بعد ازاں لاشوں کو ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا ہے۔