پشاور (جیوڈیسک) پولیس نے ناقص سیکیورٹی انتظامات پر 200 نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔ پولیس حکام کے مطابق روزانہ کی بنیادوں پر تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات چیک کئے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کینٹ ، رورل اور سٹی سرکل میں روزانہ کی بنیادوں پر تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات کو چیک کیاجارہا ہے۔ تین دنوں کے دوران ناقص سیکیورٹی انتظامات پر تقریبا 200 تعلیمی اداروں کے سربراہان کے خلاف 12 ایس وی ای پی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
ایکٹ کے تحت ناقص سیکیورٹی پر ادارے کے سربراہ کو جرمانہ اور 6 ماہ سے ایک سال تک کی قیداور چالیس ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ تاہم پولیس حکام کے مطابق تعلیمی اداروں کے تقدس کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف جرمانے کئے جا رہے ہیں۔
کسی قسم کی گرفتاری نہیں کی جا رہی۔ ضلع پشاور میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی تعداد 2 ہزار ے لگ بھگ ہے۔ جس میں سے 50 فیصد کے سیکیورٹی انتظامات ناقص قراردیئے گئے ہیں۔