کراچی : بلدیہ کورنگی نے انفرا اسٹرکچر کے تحفظ اور بغیر اجازت روڈ کٹنگ کرکے علاقائی ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا کر عوامی مسائل کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لانے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو روک تھام کے لئے علاقائی نگرانی کا مربوط نظام قائم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔صوبائی وزیر بلدیاتی جان خان شورو کی ہدایت پر جاری خصوصی صفائی مہم کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور سڑکوں پر گڑھوں کو پر کرنے کے حوالے سے کاموں کا ہنگامی بنیادوں پر آغاز کردیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو اور سپرٹنڈنگ انجینئر غلام حسین چاچڑ کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے جاری کاموں کا معائنہ کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ عوام کو علاقائی مسائل کے حوالے سے درپیش شکایات کا ازالہ ممکن بنا نے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے چپے چپے میں مسائل کا خاتمہ کرکے علاقائی ترقی کو یقینی بنا ئیں گے اس موقع پر شاہ فیصل زون کے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوررنگی غلام رسول نے کہا کہ مسائل کے خاتمے کے لئے باہمی تعاون ضروری ہے عوام ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا کر مسائل میں اضافے کا سبب بننے والوں کا محاسبہ کریں سڑکوں کی بلا ضرورت کھدائی کرکے غیر قانونی کنکشن کے حصول سے اجتناب کیا جائے اور ایسے غیر قانونی عمل کا ارتکاب کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان افراد اور اداروں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لاکر سڑکوں اور گلیوں کو محفوظ اور عوام دیرپا سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو نے کہاکہ بلدیہ کورنگی عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے اپنی ترجیحات پر عمل کرتے ہوئے صفائی و ستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی ضروریات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مسائل کے خاتمے اور علاقائی ترقی کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کیا جائے۔