لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے امریکی صدر باراک اوباما کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے فارغ ہونے والا امریکی صدر بھی پاکستان کو آنکھیں دکھا رہا ہے حکمرانوں کی غلط خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو فرنٹ لائن اتحادی ہونے کے باوجود تذلیل کا سامنا ہے۔
اپنے آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری قربانیاں بھارت اور امریکہ کو نظر نہیں آ رہی اس کی وجہ خارجہ پالیسی کی کمزور حکمت عملی ہے پاکستان کو اپنی خودمختاری کو مضبوط اور باوقار طریقے سے اُجاگر کرنا ہو گا۔
اگر خارجہ پالیسی مضبوط ہوتی تو امریکہ اور انڈیا پاکستان کو طعنہ و تشنع کا نشانہ نہ بناتے اور کبھی انڈیا پاکستان کو دہشت گردی پر مورد الزام ٹھہراتا ہے تو کبھی امریکی صدر جاتے جاتے خطاب میں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کہہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خارجہ امور کسی کو دینے کو تیار نہیں اور تمام وزارتوں کو گھر تک محدود رکھا ہوا ہے جس کی وجہ ملک کو مسائل کا سامنا ہے۔