سانحہ چارسدہ، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

Foreign Office

Foreign Office

اسلام آباد (جیوڈیسک) باچا خان یونیورسٹی پر دہشتگردوں کا حملے میں تئیس افراد کی شہادت۔ افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان کا افغان حکومت سے احتجاج۔

اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے ناظم الامور سید عبدالناصر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق باچا خان یونیورسٹی پر حملے کیلئے افغان سرزمین استعمال ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ افغان ناظم الامور کو بتایا گیا کہ باچا خان یونیورسٹی پر حملے کیلئے افغان موبائل فون سروس استعمال ہوئی۔

منصوبہ سازوں نے حملے کیلئے افغان سرزمین اور ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک کا استعمال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چارسدہ حملے سے متعلق معلومات پہلے ہی افغان حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ افغانستان دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تعاون کرے۔