کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی کے مسمار کوارٹرز کے متاثرین کا پانچویں روز بھی احتجاج جاری ہے، سندھ کے وڈھے سائیں کی ہدایت کے باوجود کسی نے متاثرین کو متبادل گھروں کی فراہمی کے لئے رابطہ نہیں کیا۔
چار دیواری گئی، سر پر چھت بھی نہ رہی، داد نہ کوئی فریاد، مسمار کوارٹرز کے متاثرین پانچویں روز بھی کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، گھر تو آخر اپنا ہے۔
چادروں، برقعوں میں لپٹی خواتین آج بھی کسی معجزے کی منتظر ہیں، “مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آساں ہو گئیں” کے مصداق چند گھروں کو گیس اور بجلی تو فراہم کر دی گئی ہے تاہم پانی کے کنکشن تاحال بحال نہیں کئے گئے۔
مسمار گھروں کے باہر بیٹھی خواتین نے مطالبہ کیا ہے گھر کے بدلے گھر دیا جائے۔
دوسری طرف وڈھے سائیں کی ہدایت کے باوجود چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری سروس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے متاثرین کو متبادل گھروں کی فراہمی کے لئے رابطہ نہیں کیا۔