نیپئر (جیوڈیسک) تماشائی کے محمد عامر کو ڈالر دکھانے کے بعد ایک اور تنازع ، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں عامر کے اسپیل کے دوران ’ کیش کاؤنٹر ‘کا معنی خیزساؤنڈ ایفیکٹ چلادیا گیا، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نے پاکستان سے معافی مانگ لی۔
تماشائی کی طرف سے ڈالرز لہرائے جانے کے بعد فاسٹ بولرمحمد عامر سے متعلق ایک اور تنازع کھڑا ہوگیا۔تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں عامر کے اسپیل کے دوران اسٹیڈیم میں ’کیش کاؤنٹر ‘کا معنی خیز ساؤنڈ ایفیکٹ چلادیا گیا۔کیش کاؤنٹر کا ساؤنڈ ایفیکٹ نیوزی لینڈ کے مشہور براڈ کاسٹر مائیک میکلوڈ نے چلایا۔
معنی خیز ساؤنڈ ایفیکٹ چلائے جانے پر نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے پاکستان سے معافی مانگ لی۔ ڈیوڈ وائٹ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’کیش کاؤنٹر‘ کا ساؤنڈ ایفیکٹ چلانا انتہائی نامناسب تھا، مائیک میکلوڈ کو تنبیہ کردی ہے، پاکستان ٹیم انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ ایسا واقعہ آئندہ نہیں ہوگا۔