قصور (محمد عمران سلفی سے) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تسلسل سے عمل درآمد کرتے ہوئے انفارمیشن بیسڈ ٹارگٹڈ سرچ آپریشن کیے جائیں گے تا کہ مشتبہ افراد کی گرفتاری اور اسلحہ ناجائز کی برآمدگی کو یقینی بنا یا جاسکے تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی وہ گزشتہ روز اپنے آفس میں ایس ایچ اوز کے ساتھ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔
میٹنگ میں ایس پی انویسٹی گیشن بقاء محمد بگٹی، ڈی ایس پی سٹی محمد سلیم ،ڈی ایس پی صدر مرزا عارف رشید ،ڈی ایس پی چونیاں قدوس بیگ ،ڈی ایس پی پتوکی علی اختر ،ڈی ایس پی لیگل شیخ فیاض احمد اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بھی موجود تھے ۔میٹنگ کے دوران کرائم اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے تمام ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں ،قحبہ خانوں ،جواء کے اڈوں اور اسلحہ ناجائز رکھنے والوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈائون کریں انہوں نے کہا کہ تمام ایس ایچ اوز اور پولیس افسران کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی اچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے پولیس افسران کیلئے انعامات جبکہ ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو یقینی اور شہریوں کی شکایا ت کے ازالے کیلئے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں گے اور بروقت احکامات جاری کیے جائیں گے ڈی پی اوقصور نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم میں وہی رہے گا جورز ق حلال کھائے گا اور پوری دلیری سے عوام کو تحفظ دے گا کرپٹ اور بزدلوں کو محکمہ سے نکال دیا جائے گا انہوں نے پولیس افسران پر زور دیا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہر قیمت پر کرنی ہے۔ ضلع قصور کو ڈاکوئوں اورجرائم پیشہ افراد سے پاک کر کے پرامن بنایا جائے گا۔