کراچی (جیوڈیسک) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ کراچی کو دہشت گردی سے پاک اور محفوظ بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کورہیڈکوارٹرکراچی میں سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی ایم آئی، ڈی جی رینجرزسندھ اوردیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال اور کراچی آپریشن کا جائزہ لیا گیا جب کہ حکام نے کراچی میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن سے متعلق آرمی چیف کو بریفنگ بھی دی۔