فیصل آباد : مقامی قیادت نے سٹی میئر شپ کیلئے عبدالحفیظ باوا کو باضابطہ طور پر گرین سگنل دیدیا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی انتخابی مہم کو مزید تیز اور موثر کر دیا ہے۔
نو منتخب عوامی نمائندوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی قیادت کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی قیادت نے عبدالحفیظ باوا کو سٹی میئر شپ کیلئے فیورٹ قرار دیتے ہوئے گرین سگنل دیدیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے اراکین اسمبلی کے عزیزوں کو کسی بھی سطح پر ٹکٹ نہ دینے کی پالیسی کو تبدیل نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صرف اس کو ٹکٹ دیا جائے گا جو پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوا ہو گا اور وہ کسی رکن اسمبلی کا بھائی یا قریبی عزیز نہیں ہو گا۔ مقامی قیادت مرکزی قیادت کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے سوچ بچار کے بعد عبدالحفیظ باوا کو میدان میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مقامی قیادت نے اپنے اس فیصلے سے باوا کو بھی آگاہ کر دیا جس کے بعد انہوں نے اپنی رابطہ وانتخابی مہم کو مزید موثر بناتے ہوئے تیز کر دیا ہے۔ ایک اطلاع کے مطابق انہیں مطلوبہ تعداد میں بلدیاتی نمائندوں کی حمایت بھی حاصل ہو چکی ہے۔ انتہائی معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اب سٹی میئر کی دوڑ میں شامل دیگر امیدواران کی امیدوں پر اوس پڑ گئی ہے اور وہ ٹھنڈے ہو گئے ہیں جبکہ عبدالحفیظ باوا کے ڈیرے کی رونقیں دوبالا ہو چکی ہیں۔ شہری حلقے انہیں پیشگی مبارکبادیں پیش کر رہے ہیں۔