ویلنگٹن (جیوڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں ایک صفر کی برتری اپنے نام کر لی تھی۔
اس سے قبل دوسرے ایک روزہ میچ میں ٹاس ہونے سے پہلے ہونے والی بارش سے گرائونڈ اور وکٹ گیلی ہوگئی، گرائونڈ سٹاف کی بھرپور کوششوں کے باوجود میدان اس قابل نہ ہوسکا کہ وہاں میچ کھیلنا ممکن ہو۔ امپائرز نے کئی بار گرائونڈ کا معائنہ کیا لیکن میچ کھیلنا ممکن نہ ہوسکا۔
اس سے قبل امپائرز نے دونوں کپتانوں کو تجویز دی کہ اگر بارش کا سلسلہ تھم جائے تو میچ کو محدود کر کے 30 اوورز فی اننگز کر دیا جائے لیکن بارش کا سلسلہ نہ تھم سکا اور گرائونڈ گیلی ہونے کی وجہ سے امپائرز کو میچ منسوخ کرنا پڑا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔