کراچی (جیوڈیسک) جامشورو کے قریب 500 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے کراچی شہر کا 90 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا ، دھابیجی، گھارو اور نارتھ ایسٹ کراچی کے پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے سے شہر کو پانی کی فراہمی بھی بند ہو گئی جبکہ دھابیجی کی پائپ لائن بھی پھٹ گئی۔
جامشورو 500 کے وی کے ٹرانسمیشن لائن میں صبح ساڑھے پانچ بجے ٹریپنگ سے شہر میں بلیک آوٹ ہو گیا اور شہر کا 90 فیصد علاقہ بجلی سے محروم ہو گیا جس کے باعث سکول جانے والے بچوں اور دفاتر جانے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بریک ڈائون سے شہر کے جو علاقے متاثر ہوئے ان میں نیو کراچی ، نارتھ کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، فیڈرل بی ایریا ، ناظم آباد ، اورنگی ، ڈیفنس ، گلشن حدید ، شاہ فیصل کالونی ، اولڈ سٹی ایریا ، صدر ، گلشن اقبال ، طارق روڈ ، پی ای سی ایچ ایس سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔
کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق جامشورو 500 کے وی کے ٹرانسمیشن لائن میں ٹریپنگ سے بن قاسم پاور پلانٹ سمیت دیگر پیداواری یونٹ بھی بند ہو گئے ۔ تاہم پیداواری یونٹز کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔