امریکا (جیوڈیسک) افغانستان میں اتحادی افواج کے نامزد سربراہ لیفٹننٹ جنرل جان نکلسن کا کہنا ہے پاک فوج کے آپریشن کے بعد دہشت گرد بھاگ رہے ہیں ، پاکستان اور افغانستان کو ملکر مشترکہ دشمن کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
افغانستان میں اتحادی افواج کے نامزد سربراہ لیفٹننٹ جنرل جان نکلسن سینیٹ کی مسلح افواج کی قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ، لیفٹیننٹ جنرل نکلسن نے سینیٹ کی مسلح افواج کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ داعش اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں اڈے بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔
جان نکلسن کے مطابق پاکستانی فوج کے آپریشن کے بعد دہشت گرد افغانستان چلے گئے تاہم دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے افغان فورسز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا وہ پاکستانی اور افغان فورسز کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ وہ مل کر اپنے مشترکہ دشمن کے خلاف کارروائی کریں۔
جان نکلسن نے داعش اور طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ امریکا کو دہشت گردی کے خلاف زیادہ جارحاجہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔