سکھر (جیوڈیسک) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ماضی میں ہاتھ چومنے والے ہی آج بول رہے ہیں۔ ہم نے ماضی کی سیاست کو چھوڑ کر آگے بڑھنے کی بات کی۔ ہم پر فرینڈلی اپوزیشن کے الزامات لگائے گئے لیکن پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی خاطر ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا میرے بیان سے ایسا لگا جیسے کوئی وٹامن کی گولی دے دی ہو۔ بے بنیاد الزامات لگانا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے ۔ گندگی کبھی گندگی سے صاف نہیں ہوتی۔ میں نے اپنے مفاد یا اپنی ذات کی بات کبھی نہیں بلکہ ہمیشہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بات کی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالی چاروں اے پی سیز میں حکومت کو سپورٹ کیا۔ پوائنٹ اسکورننگ کرنی ہوتی تو دھرنے کے دنوں میں کرتے یا پھر بلیک میل کرنا ہوتا تو ایم کیو ایم کے استعفوں کے وقت کرتے۔ جب ایم کیو ایم نے استعفے دیئے تو نواز شریف نے مجھے بلایا۔
میں نے وزیراعظم کو متحدہ کے استعفے منظور نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ ہم حکومت کو سیدھے راستے پر لانا چاہتے ہیں۔ کب کہا کہ حکومت اپنے لوگوں کو مروا رہی ہے؟۔ ان کا مزید کہنا تھا بتایا جائے میں نے کون سے فائدے اٹھائے۔ الزامات ثابت کریں سیاست چھوڑ دوں گا۔ وزیراعظم کی موجودگی میں پارلیمنٹ میں الزامات کا جواب دینا چاہتا ہوں۔