کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی عرف پٹی والا المعروف سورٹھ ویر نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اس بیان کو سو فیصد مبنی بر حقائق قرار دیاہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا دروازہ سونے کی چابی سے کھلتا ہے۔
گجراتی سرکار نے مزید کہا ہے کہ عدلیہ کی نیت اور فرائض کی بجاآوری میں دیانتداری پر شک نہیں کیا جاسکتا مگر سست عدالتی نظام عوامی حقوق کے تحفظ اورانصاف کی فراہمی میں ناکام دکھائی دیتا ہے اور حکمران طبقہ ہمیشہ عدالتی نظام کی اس خامی سے بڑی کامیابی سے فائدہ اٹھاکر عوام کا استحصال کرنے کے ساتھ قومی وسائل کی لوٹ مار کررہا اور وطن عزیز و عوام کو دونوں کو نقصان پہنچاکر مستقبل کو غیر محفوظ بنارہا ہے۔
جس کی وجہ سے عوام دن بہ دن بد حال اور مایوس ہوتے جارہے ہیں اور حکمرانوں کے اثاثے بڑھتے ہی چلے جارہے ہیں اور ایسا اس وقت تک ہوتا رہے گا جب تک عدالتی و قانونی نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے آئین کے ساتھ ریاست ‘ پارلیمنٹ اور مقننہ کو عدلیہ کے تابع نہیں کیا جاتا۔
مگر منافقانہ و مفاد پرستانہ جمہوری نظام میں ایسا ممکن دکھائی نہیں دیتا اس کیلئے محب وطنوں ‘ ملک و قوم سے مخلصوں ‘ عوام دوستوں ‘ اسلام پرستوں اور پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی حکمرانی کی ضرورت ہے۔