کراچی : عوامی شکایات پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکمے کو ہدایت کی ہے کہ کچرا کنڈیوں کی تعمیر و مرمت اور کچرا کنڈیوں کو رہائشی آبادیوں سے دور منتقلی کو یقینی بنا یا جائے ۔کچرا کنڈیوں سے کچرے کی روزانہ محفوظ طریقے سے منتقلی اور کچرا کی منتقلی کے بعد کچرا کنڈیوں پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی امیر بخش جونیجو اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل زون میں کچرا کنڈیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے A-1 چوک اور شبنم سنیما کے سامنے کچرا کنڈیوں کی فوری تعمیر اور اسے ماڈل کچرا کنڈی بنا نے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ کچرا کنڈیوں سے باہر کچرا نہ ڈالیں صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کو یقینی بنا کر ضلع کورنگی کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کو پروان چڑھا یا جاسکے بعد ازاں شاہ فیصل زون کے مختلف علاقوں میں صفائی وستھرائی اور بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے نو منتخب بلدیاتی نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول اور میونسپل کمشنر امیر بخش جونیجو نے صفائی وستھرائی کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سنیٹریشن کے افسران وعملے کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی سطح پر سوئپنگ کے نظام کو بہتربنا نے کے ساتھ کچرا کنڈیوں سے کچروں کے منتقلی کی مکمل نگرانی کریں۔
اس موقع پر انہوں نے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر سرسبز ماحول کے قیام کو عوامی تعاون کے ذریعے مزید بہتر بنا یا جائے اور گلیوں اور محلوں کے ساتھ اہم شاہراہوں پر روشنی کے انتظامات کی بہتری کو یقینی بنا نے کے لئے اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمشنر بلدیہ کورنگی نے کہاکہ انشا اللہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی سے مسائل کا خاتمہ اور تعمیر و ترقی کے ذریعے علاقائی خوبصورتی کو مثالی بنا یا جائے گا۔