کوئٹہ (جیوڈیسک) وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے صوبے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کی مدد سے 5 لشکر کام کررہے ہیں اور یہی تنظیمیں ہی امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
کوئٹہ میں بلوچستان میں امن اور خوشحالی کے موضوع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی مدد سے ’’5‘‘ تنظیمیں کام کررہی ہیں اور یہی 5 لشکر بلوچستان میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کو نام نہاد ناراض بلوچ کہتے ہیں لیکن یہی ناراض بلوچ باہر بیٹھ کر صوبے کی عوام کو لسانی بنیادوں پر بھڑکا رہے ہیں، اگر مذہب اور فرقہ پرستی کے نام پر قتل کرنے والوں کو دہشت گرد کہا جا سکتا ہے تو ان قوم پرست قاتلوں کو دہشت گرد کیوں نہیں کہا جاتا۔
میر سرفراز بگٹی نےکہا کہ میں پہاڑوں میں چھپ کر بیٹھنے والے تمام بلوچوں کو دہشت گرد کہتا ہوں اور انہیں موقع دیتا ہوں کہ وہ جب چاہیں جہاں چاہیں ہم سے مذاکرات کرلیں لیکن ہر قسم کے مذاکرات پاکستان کے آئین میں رہتے ہوئے ہوں گے۔