ٹنڈو محمد خان : لڑکے کے قتل پر مظاہرین نے پولیس کو یرغمال بنا لیا

Police

Police

ٹنڈو محمد خان (جیوڈیسک) ٹنڈو محمد خان میں چھاپے کے دوران حیدر آباد پولیس کی ہوائی فائرنگ سے ایک 13 سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے9 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا۔ تاہم مقامی پولیس کے کامیاب مذاکرات کے بعد یرغمال پولیس اہلکاروں کو بازیاب کروالیا گیا۔

ٹنڈو محمد خان کے ڈی ایس پی عبدالعلیم لاشاری کے مطابق گاوں ساون خان لغاری میں ایک مغوی لڑکی کو بازیاب کرانے کے لیے حیدرآباد پولیس نے چھاپا مارا تھا، تاہم مقامی افراد کی مزاحمت پر پولیس کی ہوائی فائرنگ سے 13 سالہ لڑکا جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

واقعے کے بعد مشتعل افراد نے پولیس پارٹی کے 9 اہلکاروں کو یرغمال بنایا، تاہم ڈی ایس پی عبدالعلیم لاشاری نے مشتعل افراد سے مذاکرات کرکے پولیس اہلکاروں کو بازیاب کرالیا۔