کراچی (جیوڈیسک) بھارت کے معروف اداکار انوپم کھیر جو 4 فروری کو پاکستان کے دورے پر آرہے تھے ،انھیں حکومت پاکستان نے تاحال ویزا جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کا پاکستان کا دورہ بے یقینی کا شکار ہوگیا ہے۔
انوپم کھیر نے کہا کہ مجھے پاکستان نہ آنے کا بہت افسوس ہے میری خواہش تھی کہ میں پاکستان جاکر اپنے ملک کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچاؤں گا اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے کردار ادا کروں گا لیکن نہ جانے کیوں حکومت پاکستان نے مجھے ویزا دینے سے انکار کردیا بلکہ اب تک مجھے میرا پاسپورٹ بھی واپس نہیں کیا۔
پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چئیرمین اور صدر سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کراچی کے صحافیوں کا بے حد مشکور ہوں کہ جنھوں نے میری آمد پراستقبالیہ کا اہتمام کیا تھا، یہ میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔
لیکن میری یہ خواہش بھی پوری نہ ہوسکی، انوپم کھیر نے کہا کہ اب میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب اگر حکومت پاکستان نے مجھے ویزا جاری بھی کردیا تو میں پاکستان نہیں آؤں گا، لیکن اگر موقع ملا تو میں ایسوسی ایشن کے لوگوں سے ضرور ملاقات کروں گا۔