آئیوا (جیوڈیسک) امریکی مسلمانوں نے رواں سال کے صدارتی انتخابی دنگل میں اب تک سب سے زیادہ متنازع اور میڈیا میں زیربحث رہنے والے ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو اسلام کو سمجھنے کی دعوت دیدی۔
مسٹر ٹرمپ کو یہ دعوت ریاست ’آئیوا‘‘ کے دی موین شہر کے مسلمانوں کی جانب سے دی گئی ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے وہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں اپنے منفی خیالات تبدیل کریں اور اسلام کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
دی موین شہرکی سب سے پرانی جامع مسجد کے امام وخطیب علامہ طہ الطویل نے ٹرمپ کو تاریخی جامع مسجد کے دورے کی دعوت پیش کی ہے تاہم ابھی تک انہوں نے اس کا جواب نہیں دیا ہے۔ اس شہر میں دو ہزار کے قریب مسلمان آباد ہیں۔ ان کی بھی خواہش ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جامع مسجد آئیں، اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں ان سے تبادلہ خیال کریں تاکہ ان کے ذہن میں اسلام کے حوالے سے پیدا ہونے والے اشکالات کا اطمینان بخش جواب دیا جا سکے۔
خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی انتخابی مہم کا آغاز سیڈر رابٹڈز شہر میں قائم مرکز اسلامی کے سامنے سے کریں گے۔ اگر وہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں اپنی منفی سوچ تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو ان کے انتخابی عمل میں مسلمان ووٹر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
دی موین شہر میں واقع یہ مسجد 1930ء کے عشرے میں قائم کی گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اسے امریکہ میں ’’ام المساجد‘‘ کا درجہ حاصل ہے۔