آکلینڈ (جیوڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتے جاسکتے تھے لیکن ملنے والے مواقع ضائع کرنے کے سبب دونوں میچوں میں شکست ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم وقاریونس کی کوچ کی حیثیت سے موجودگی میں دس میں سے سات ون ڈے سیریز ہار چکی ہے جسکی وجہ سے وہ زبردست تنقید کی زد میں ہیں۔وقاریونس نے آکلینڈ سے انٹرویو میں کہا کہ بولنگ اور فیلڈنگ میں کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔ دونوں میچز میں کیچز ڈراپ کیے گئے جن کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ فٹنس بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز کی مثبت بات بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے دونوں ون ڈے انٹرنیشنل میں بڑے اعتماد سے بیٹنگ کی جو آنے والے ایونٹس کو دیکھتے ہوئے خوش آئند بات ہے۔
آخری ایک روزہ میچ میں محمد عامر کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی۔ نیوزی لینڈ کے دورے سے پہلے بھی یہ کہا تھا کہ وہ محمد عامر سے کوئی اتنی بڑی کارکردگی کی توقع نہیں رکھ رہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے بعد تمام کھلاڑی ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اچھی طرح تیار ہونگے۔