کوئٹہ (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پُرامن اور خوشحال بلوچستان کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے۔
راحیل شریف نے کہا کہ ریاستی اداروں اور عوام کی شراکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، بلوچستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو باہر سے فنڈنگ اور اندر سے سپورٹ مل رہی ہے مگر دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور استحکام کیلئے سرحدوں کو کنٹرول اور محفوظ بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ سرحدوں کو کنٹرول کرنا اہم چیلنج ہے۔ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں نہیں جانا چاہتے کہ جس سے صوبہ مشکل صورتحال سے دو چار ہو۔