نظام آباد : موجودہ دور کے اردو میڈیم طلبا با صلاحیت ہیں اور وہ کسی بھی طرح کی مسابقت کا سامنا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ وہ اردو املا اور تلفظ کی بہتر ادائیگی پر توجہ دیں اور ماہرین اردو زبان کی شعری و نثری تخلیقات کا مطالعہ کرتے ہوئے اور ان کی زبانی اردو سنتے ہوئے اپنی اردو کو بہتر بنائیں اس سے وہ اردو میڈیم کے دیگر مضامین پر بھی عبور حاصل کرسکتے ہیں۔ طلباء کو چاہئے کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھائیں اور اساتذہ کی نگرانی میں شاعر ‘ادیب ‘افسانہ نگار و صحافی بننے کی کوشش کریں۔
ان خیالات کا اظہار نامور مزاحیہ شاعر افسانہ نگار و ادیب جناب شیخ احمد ضیاء نے شعبہ اردو گری راج کالج کے زیر اہتمام منعقدہ اردو ادبی ‘تہذیبی و ثقافتی پروگرام کہکشاں میں بہ طور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اردو زبان کی ہمہ گیری سے فائدہ اٹھائیں اور اس طرح کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھاریں۔ انہوں نے شعبہ اردو کی جانب سے منعقد ہونے والے فروغ اردو کے پروگراموں پر اظہار مسرت کرتے ہوئے صدر شعبہ اردو ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی کی کاوشوں کی ستائیش کی۔
اس موقع پر گری راج کالج کے اردو نصاب میں شامل اپنے اصلاحی افسانہ اولڈ ایج ہوم کی وجہہ تصنیف بیان کی اور اپنا منتخب افسانہ و کلام پیش کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہکشاں پروگرام کے انعقاد کا مقصد اردو میڈیم طلباء کی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور ان میں بہتر تحریر و تقریر کی عادت ڈالنا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ کالج میں دستیاب تمام سہولتوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ایک بہتر انسان بننے کی کوشش کریں۔
جناب عابد علی سینیر لیکچرر کامرس و اکیڈیمک کوآرڈینیٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ گری راج کالج اردو میڈیم میں طلباء کی تربیت کے لئے کئی ذائد نصاب سرگرمیاں جاری ہیں۔ جس کی ایک کڑی یہ اردو پروگرام کہکشاں ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اس پروگرام میں پیش کردہ طلباء کی تخلیقات کو میگزین کی شکل دی جائے تاکہ طلباء کا مظاہرہ محفوظ ہو۔ انہوں نے طلباء کو اردو دانی بہتر بنانے کا مشورہ دیا۔ بی کام سال دوم کے طالب علم توصیف رہبر نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔
اس پروگرام میں اردو میڈیم بی اے بی کام کے طلبا و طالبات نے مختلف موضوعات پر تقاریر’ بیت بازی’ معروضی سوال جواب’ غزل گوئی’ نظم خوانی ‘ شعرا کا منتخب کلام’ اقوال زرین’ ادبی لطائف اور دیگر ادبی پروگرام پیش کئے۔ اس پروگرام کے اختتام پر طلباء میں فروغ اردو کے لئے کام کر رہے سماجی جہد کر جناب سلیم فاروقی حال مقیم جدہ کی جانب سے اردو میڈیم طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے روانہ کردہ تحائف اور کہکشاں پروگرام کے شرکا میں اسنادات کی تقسیم عمل میں آئی۔ کالج کے لیکچررز سید حسیب الرحمٰن’ محمد مبین الدین اور دیگر نے شرکت کی۔ محمد مبین الدین کے شکریہ پر کہکشاں پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔