کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی نے شور شرابے میں پی آئی اے ملازمین پر تشدد کے خلاف قرار داد پیش کی گئی جبکہ فائرنگ سے جاں بحق ملازمین کے لیے دعا بھی کی گئی۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی جانب سے پی آئی اے ملازمین کی ہلاکتوں کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی۔قرار داد کی کاپی نہ دینے پر اپوزیشن کی جانب سےخوب شور شرابا اور احتجاج کیا گیا۔
سندھ اسمبلی کا ایوان آج پھر احتجاج اور شورشرابے سے گونج اٹھا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرائی تو اپوزیشن نے احتجاج شروع کردیا۔ اپوزیشن جماعتوں نےاپنی نشستوں سے اٹھ کر خوب شور شرابا کیا۔
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو قرارداد کی کاپی تک نہیں دی گئی۔حکومت اپنی مرضی کے بل اور قرارداد ایوان میں لانا چاہتی ہے۔اس معاملے پر نثار کھوڑو اور خواجہ اظہار الحسن کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی۔
پی ٹی آئی ، ن لیگ اور مسلم لیگ فنکشنل نے بھی پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت پر مذمتی قرارداد پیش کی۔ فنکشنل لیگ کے نند کمار نے جوڈیشل کمیشن بناکر ملزمان کو سامنے لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ایوان میں تھر کے معاملے پر بات نہ کرنے پر بھی شور شرابا کیا گیا۔واقعے کیخلاف قومی اسمبلی میں بھی پیپلز پارٹی نے تحریک التوا جمع کرادی جبکہ پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا۔