فیصل آباد : مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما و صدر انجمن تاجران منٹگمری بازار حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا کہ سدا بہار ایم این اے حاجی اکرم انصاری کے گھر ڈکیتی کی خوفناک واردات نے صرف عام آدمی کو ہی نہیں بلکہ تاجروں کو بھی عدم تحفظ کا شکار کردیا ہے پولیس افسران روزانہ درجنوں ڈاکوئوں ‘ اشتہاریوں اور جواریوں کو پکڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں ‘ اگر ان کے دعوے سچے ہیں تو بتایا جائے کہ وارداتیں کرنے والے کہاں سے آٹپکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ ایک معصوم بچہ بھی محفوظ نہیں اس سے بھی پانچ روپے کا سکہ چھین لیا جاتا ہے ‘ دو روز قبل کلیم شہید کالونی نمبر2 میں شام 6 بجے ایک جنرل سٹور کے مالک کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا گیا تھا اور ابرار نامی یہ دکاندار موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے’ ویسے تو پورا شہر ہی ڈاکوئوں ‘ چوروں اوررہزنوں کے نرغے میں ہے مگر گلبرگ سرکل میں وارداتیں حد سے بڑھ چکی ہیں۔
لوگ گھر میں محفوظ ہیں نہ سڑکوں پر ‘ تھانوں کے باہر موٹر سائیکل پارک کرکے تھانے جانیوالا واپسی پر پیدل ہوچکا ہوتا ہے حافظ طاہر جمیل نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فیصل آباد کو اچھے آفیسر مہیا کریں اور پولیس کی نفری کو پورا کرکے یہاں گشت کانظام بھی موثر بنائیں تاکہ عام آدمی سکھ کی زندگی جی سکے اور تاجر بلاخوف و خطر کاروبار کر سکیں۔