اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے پی آئی اے مسلسل خسارے میں ہے، بہتری ہم سب پر فرض ہے، خسارے میں چلنے والے اداروں کو بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں، پی آئی اے میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں سیاسی عناصر ملوث ہیں ، نجکاری پر غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، دو ہزار اٹھارہ تک توانائی بحران پر قابو پالیں گے۔
آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد دبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا نقصان میں چلنے والے اداروں کو بہتری کی طرف لے جا رہے ہیں، پی آئی اے میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں سیاسی عناصر ملوث ہیں ، نجکاری پر غلط فہمیاں پیدا کی گئیں ، سیاسی جماعتیں معاملے کو اچھال رہی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا وقت سے پہلے اپنے معاشی اہداف حاصل کر رہے ہیں ، خطے میں چیلنجز کے باوجود پاکستان معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ اسحق ڈار نے کہا توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ، صنعتوں کے لیے بجلی کی لوڈشیڈنگ زیرو ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا مالیاتی نظم ونسق پر سختی سے عمل پیرا ہیں ، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کراچی میں فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔