کراچی (پ ر) مسلم اسٹوڈنٹس آرگنا ئزیشن کراچی ڈویژن کے تحت کل مورخہ 5 فروری بروز جمعہ کشمیر ڈے کے موقع پر کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ ریلی بعد نماز جمعہ 3بجے مزار قائد تا پر یس کلب نکالی جائے گی۔
یہ اعلان مسلم اسٹوڈنٹس آرگنا ئز یشن کراچی ڈویژن کے ناظم صدیق شیرازی، ناظم عمومی انور علی صدیقی نے اپنے جاری کردہ پر یس بیان میں کیا۔ صدیق شیرازی نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوںپر ہونے والے مظالم مودی حکومت کی انتشاری پالیسی ہے، کشمیر میں مسلم طلبہ اور نوجوانوں پر سرِعام ظلم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی مسئلہ ہے جسے حل کرنا اور مظلوموں کا ساتھ دینا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔
حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے خارجہ پالیسی کی روشنی میں پالیسی بنائیں اور اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے کو زیر بحث لانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ ترجمان عنایت اللہ کے مطابق ایم ایس او کراچی کے تحت ‘کشمیر بنے گا پاکستان’ ریلی بعد نماز جمعہ مزار قائد تا پریس کلب نکالی جائے گی، جہاں ایم ایس او کراچی کے ناظمین خطاب کریں گے۔