دبئی (جیوڈیسک) دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز احمد شہزاد اور لیوک رائٹ نے کیا۔ احمد شہزاد 11 رنز بنا کر عمران خالد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 73 کے مجموعی اسکور پر گری، جب پیٹرسن 8 رنز بنا کر عمران خالد کا شکار بنے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے لیوک رائٹ نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے عمران خالد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو اکیس کے مجموعے پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔
بیٹسمین آتے گئے اور وکٹ گنواتے گئے ۔ شین واٹسن بھی اسکور بورڈ میں 15 رنز کا اضافہ کر سکے اور محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ہمیشہ کی طرح ساری ذمہ داری کپتان مصباح الحق کے کندھوں پر آن پڑی۔ جنہوں نے وکٹ پر کھڑے ہو کر اپنی ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے آندرے رسل کے ساتھ ساتویں وکٹ کی 57 رنز کی زبردست شراکت کی اور انفرادی طور پر اکتالیس رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے رسل نے 35 رنز بنائے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے محمد نواز نے 4 جبکہ عمر گل، ذولفقار بابر اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی کے محمد نواز کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ دیا گیا۔