لاہور (جیوڈیسک) معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند ہیں۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کشمیری قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم کا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی و کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی متوقع ہے۔ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی ریلیوں کے علاوہ انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنانے کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
خواتین اور بچے بھی ان پروگراموں میں شریک ہونگے۔ آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں بھی بڑی ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔ دوسری طرف صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پراپنے پیغامات میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔