ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں پیدا ہونے والی ڈھر جڑی بچیاں چلڈرن ہسپتال میں دم توڑ گئیں جن کا نماز جنازہ ادا کر کے ان کو آبائی قبرستان بستی لابر میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
ملتان کے نجی ہسپتال میں پیدا ہونے والی ڈھر جڑی بچیاں گذشتہ روز چلڈرن ہسپتال میں انتقال کر گئیں جن کی نماز جنازہ بستی لابر میں ادا کر دی گئی تو ہر آنکھ اشکبار تھی۔
دھڑ جڑی بچیاں فاطمہ اور علیزہ 14 جنوری کو پیدا ہوئیں جس پر حکومت نے ان کی سرجری کے لیے وعدے تو بہت کیے لیکن کوئی بھی وعدہ وفا نہ کیا جس پر بچیوں کے والد بھی حکومت سے نالاں نظر آتے ہیں۔ دھڑ جڑی بچیوں کی پیدائش کے بعد انہیں نجی ہسپتال سے چلڈرن کمپلیکس منتقل کر دیا گیا تھا اور 10 دنوں تک ان کی صحت بہتر ہونے پر انہیں گھر منتقل کر دیا تھا۔
لیکن ایک ہفتہ قبل ان کی طبیعت اچانک دوبارہ خراب ہونے پر فاطمہ اور علیزہ کو چلڈرن کمپلیکس منتقل کر دیا تھا لیکن وہ بیماری کے باعث جانبر نہ ہوسکیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق فاطمہ اور علیزہ کی سرجری ممکن نہیں تھی تاہم ان کی موت نمونیا کی وجہ سے ہوئی ہے۔