اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین نج کاری کمیشن محمد زبیر کہتے ہیں کہ حکومتی وفد اور پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ آج مذاکرات میں آج اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ بال ہڑتالیوں کے کورٹ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہڑتال ختم کرنے کے مطالبے پر جواب کا انتظار ہے، پروازیں بحال ہو جائیں تو تمام تحفظات پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔
برف پگھلنا شروع ہوگئی ہےحکومت اور ناراض پی آئی اے ملازمین اپنے اپنے موقف میں لچک پیدا کر رہے ہیں جو نتیجتاً مسافروں کو سکون کا سانس مہیا کر سکے گا۔
وزیر مملکت نجکاری نے کہا کہ کل جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے ملاقات مثبت رہی ،ناراض ملازمین سے کہا ہے کہ ہڑتال ختم کریں، مسافروں کی مشکلات کم کریں، حکومت مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کو تیار ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ملازمتیں ختم کرنے کی بات نہیں کی بلکہ ملازمین کی ترقی کی بات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نا صرف لازمی سروسز ایکٹ کے تحت ہڑتالی ملازمین کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر لچک کا مظاہرہ کر رہی ہے بلکہ گرفتار ملازمین کی رہائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔