تحریر: مہر بشارت صدیقی مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پانچ فروری کو پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر میں سیاسی و دینی جماعتوں نے ریلیاں اور جلوس نکالے۔ صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں خصوصی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی سمیت تمام رہنمائوں نے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت، عوام اور سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیرانتظام 5 فروری کو ملک بھر میں کشمیر کارواں، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں جماعة الدعوة کے علاوہ دیگر مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے مرکزی قائدین و مندوبین نے خطابات کئے۔ ملک بھر میں ہونے والی کشمیر کانفرنسوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
شرکاء کی جانب سے کشمیربنے گا پاکستان، سید علی گیلانی، حافظ محمد سعید سے رشتہ کیا ‘لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ کانفرنس اور ریلی کی خاص بات یہ تھی کہ سب شرکاء نے صرف پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے جن کے لہرانے سے دلفریب منظر نظر آتا رہا۔جماعةالدعوةکے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ حکمران کشمیریوں کی قربانیاں فراموش نہ کریں۔ بیک چینل اور ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے سلسلے ختم کئے جائیں۔ بھارت پاکستان کو مذاکرات میں الجھا کر اسکولوں پر حملوں جیسی دہشت گردی کروارہا ہے اور پاکستانی حکمران یکطرفہ دوستی پروان چڑھانے اور اسے سنٹرل ایشیا تک رسائی کیلئے راہداریاں دینے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا۔قومی پالیسی ترک کر کے ہندوستان کو کنٹرول لائن پر باڑ لگانے کا موقع دینے سے ہندوستان نے کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ مستحکم کیا۔ اس مسئلہ پر آنکھیں بند رکھنا قوم سے خیانت ہے۔حکمرانوں کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے آج بھارت آزاد کشمیر پر مذاکرات کرنے کی باتیں کرتا ہے۔ بھارت افغانستان میں دہشت گردوں کو تربیت دیکر پاکستان داخل کر رہا ہے۔ وہ وطن عزیز کو میدان جنگ بنا کر رکھنا چاہتاہے۔ سیاستدان و حکمران کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کریں۔کشمیری دہشت گردنہیں ہیں۔ حکمران حقائق سے نظریں نہ چرائیں۔ہندوستان نوشتہ دیوار پڑھ لے! جس طرح اتحادی ممالک افغانستان میں نہیں ٹھہر سکے۔
Kashmir Issue
انڈیا بھی مقبوضہ کشمیر میں نہیں ٹھہر سکے گا۔ہم سید علی گیلانی، مسرت عالم بٹ اور سیدہ آسیہ اندرابی سمیت تمام کشمیری قیادت کو پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم ان کی پشت پر کھڑی ہے۔مسئلہ کشمیر پر بھارت امریکہ کے ساتھ ہے۔ حکمران کسی دھوکہ میں نہ رہیں۔سجادہ نشین حضرت میاں میر پیر سید ہارون گیلانی نے کہاکہ بھارت سے تجارت اور دوستی کی پینگیں بڑھانے والوں کو مظلوم کشمیری مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی سسکیاں کیوں سنائی نہیں دیتیں؟۔ ہم مسلم حکمرانوں سے صاف طور پر کہتے ہیں کہ آج اگر مظلوم مسلمانوں کی آواز پر لبیک نہ کہا گیا تو حشر کے دن مظلوموں کے ہاتھ سے انہیں کوئی چھڑانے والا نہیں ہو گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں یہ جلد پاکستان کا حصہ بنے گا۔ تنظیم العارفین پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہاکہ مسلمان کشمیر کی مظلوم مائوں ، بیٹیوں کی عزتوں کے تحفظ کیلئے متحد ہو جائیں۔نوجوان نسل کو فتنہ تکفیر سے بچایا جائے۔
دشمن کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں اپنے مذموم ایجنڈے کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ ہمیں بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے اپنے اسلاف سے رہنمائی لیکر وہی طریقہ اپنانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری مسلمان امید بھری نظروں سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں ان کی مددوحمایت سے پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہاکہ کشمیر بھارت سے مذاکرات نہیں قربانیاں و شہادتیں پیش کرنے سے آزاد ہو گا۔ کشمیر جنت نظیر پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔
ہمیں اس سے یہ قبضہ چھڑانا ہے۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سینئر نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں سے ہمارا عقیدہ و ایمان کا رشتہ ہے۔ پاکستانی قوم کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیری و پاکستانی مسلمانوں کو جدا نہیں کیا جاسکتا۔ تحریک آزادی کی کامیابی تک جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔متحدہ جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہاکہ پاکستان کے استحکام اور بقاء کے لیے کشمیرکو بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے چھڑانابہت ضروری ہے۔کشمیری پاکستان کی سالمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے پاکستانی قوم شہدائے کشمیر کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دے گی،بھارت ظلم و جبر کی بنیاد پر کشمیرپر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق متنازعہ مسئلہ کشمیر سے آنکھیں بند کرنا بہت بڑا جرم ہے۔
کشمیریوں کی مددوحمایت سے کسی صورت پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ کراچی میںجماعةالدعوة کی طرف سے سفاری پارک سے کشمیر روڈ تک یکجہتی کشمیر کارواں کی قیادت جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ، جماعةالدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی ودیگر نے کی۔ ملتان میں چوک کچہری سے چوک نواں شہر تک بڑی یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کے اختتام پر بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔
Kashmir Solidarity Day
فیصل آباد میں ہلال احمر چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک یکجہتی کشمیر کارواں کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حیدر آباد میں مرکز سعدبن معاذ سے پریس کلب حیدر آباد تک ریلی نکالی گئی جس سے جماعةالدعوة حیدرآباد کے امیر فیصل ندیم و دیگر نے خطاب کیا۔ وہاڑی میں شاہین مارکیٹ سے گول چوک تک کشمیرکارواں ہوا۔
جماعةالدعوة کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونے والی کشمیر کانفرنسوں، جلسوں اور سیمینارز کے دوران جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حریت کانفرنس سمیت آزاد کشمیر و پاکستان کی سبھی دینی و سیاسی جماعتیں کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔ غاصب بھارت کے خلاف جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور حریت کانفرنس کے رہنمائوں وکشمیری مسلمانوں کے جذبہ حریت اور صبر و استقامت کو پوری پاکستانی قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
کشمیریوں کی امنگوں کے برعکس مسلط کردہ کوئی حل قبول نہیں کیا جائے گا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت پر حکمرانوں کا مجرمانہ خاموشی اور نرم رویہ اختیار کرنا درست نہیں، یکطرفہ دوستی اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات ترک کرکے مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادوں والا پرانا اصولی اور دوٹوک مئوقف اختیار کیا جائے۔ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور جب تک یہ شہ رگ ہمارے ازلی دشمن کے قبضے میں ہے پاکستان خطرے میں رہے گا کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرانا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔