ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کراچی میں پی آئی اے کی ملازمین کے قتل پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر تحقیقات کرائے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔
ملتان میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نے لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کر کے ملازمین سے پر امن احتجاج کا حق چھین لیا ہے اس لیے اسے فوری طور پر ختم کیا جائے اور پی آئی اے کی نجکاری کے پراسیس کو ختم کر کے ملازمین کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کر کے معاملے کا حل نکالا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پریشر، دباو اور مفادات دیکھ کر مسائل کا حل نہیں نکالا جا سکتا، حکومت نے اسے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے جو کہ غلط ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے خود مختیار نہ ہونے کے باعث ابھی تک بلدیاتی انتخابات ہونے کے باوجود اختیارات منتقل نہیں ہو سکے۔