کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس کمپلیکس پر جاری فٹ بال کا سب سے بڑا میلہ اختتام پذیر ہوگیا ۔ کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب سعود آباد ملیر کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میزبان ٹیم نیشنل بنک نے چمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا ۔کھیلے گئے فائنل مقابلے میں نیشنل بنک فٹ بال ٹیم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیم کو پنالٹی ککس پر 4-3 سے شکست دیدیا ۔دوران کھیل دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس پر اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھر پور داد دی شکست کے باوجود کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیم نے فائنل میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور دو یقینی گول کے مواقع ضائع کئے تاہم نیشنل بنک کی ٹیم نے بھی بھر پور جدو جہد کی لیکن و دوران کھیل گول کرنے میں ناکام رہے ۔
فائنل مقابلے کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب کا شایان شان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی نیشنل بنک سی ایس آر کے سربراہ اویس اسد خان اور رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے قومی چمپئن نیشنل بنک اور رنر اپ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور فاتح ٹیم کو 70 ہزار روپے کیش اور رنر اپ ٹیم کو 30ہزار روپے کیشن انعام بھی دیا اس موقع پر ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پر سابقہ چمپئن پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز کے ٹیم کو ٹرافی اور 5،5ہزار روپے کیش پرائز دیئے گئے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سربرا ہ سی ایس آر نیشنل بنک اویس اسد خان نے کہاکہ انشااللہ آئندہ منعقدہ ہونے والا ٹورنامنٹ کو مزید شاندار بنا یا جائیگا نیشنل بنک صحت مند سرگرمیوں کے فروغ خصوصاً غریبوں کے کھیل فٹ بال کے فروغ کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے گی انہوں نے کہاکہ فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے ایسے ایونٹ کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرینگے اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر نیشنل بنک اور کالونی اسپورٹس کو مبارکباد پیش کرتی ہے ۔
ہم یقین دلا تے ہیں صحت مند سرگرمیوں کی ایسے ایونٹ کی حوصلہ افزائی اور ہر ممکن تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی تقریب میں آمد پر ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام نے مہمانوں کو سندھ کا روائتی تحفہ اجرک اور ٹورنامنٹ کا اعزازی شیلڈ پیش کیا ۔اس موقع پر نیشنل بنک کے دیگر آفیشل کے علاوہ این بی پی شعبہ اسپورٹس کے کوارڈینٹر حاجی غلام محمد خان ،گلفراز احمد خان ،عظمت اللہ خان ،قمر علی قریشی اور کھیل سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھے ٹورنامنٹ کا فائنل میچ نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش نے اپنے معاونین نصیر عمر بلوچ ،شاہنواز بلوچ اور جہانگیر خان کے ہمراہ سپراوائز کیا جبکہ میچ کمشنر ا یم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔