کراچی (جیوڈیسک) پی آئی اے کے ہڑتالی ملازمین اَڑے ہوئے ہیں، لیکن طیارے اُڑنے لگے، آج عمرہ زائرین کی ایک پرواز کراچی، ایک لاہور اور دو پروازیں اسلام آباد اتریں۔
کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ایک ایک پرواز نے ٹیک آف کیا، اسلام آباد کے بلیو ایریا دفتر اور لاہور کے ایجرٹن روڈ آفس میں کام ہوا۔
نجکاری کے خلاف پی آئی اے ملازمین کا احتجاج تیسرے ہفتہ میں داخل ہوگیا، حکومت کی توجہ مذاکرات کی بجائے احتجاج ختم کرنے پر ہے جبکہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مذاکرات کیلئے چوہدری نثار اور شہباز شریف کے نام تجویز کردیئےہیں ۔
پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کو ایک بار پھر حکومت کو مذاکرات کی پیش کش کی ہے، کمیٹی کے رہنماؤں نے تجویز پیش کی ہے کہ اگر وزیراعظم مصروف ہیں تو چوہدری نثار اور شہباز شریف سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ اِدھر وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بلاجواز ہڑتال کرنے والوں سے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پروازیں بحال کرنے والے پی آئی اے ملازمین لائق تحسین ہیں، پی آئی اے کی بہتری کے لیے اقدامات کریں گے۔