سندھ شوٹنگ بال کو پاکستان کا مقبول ترین کھیل بنائوں گا، حاجی غلام محمد خان

SSBA TAQSEEM E INAMAT

SSBA TAQSEEM E INAMAT

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) خیرپور پریس کلب کے صدر خان محمد نے کہا ہے کہ سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن صدر حاجی غلام محمد خان کی قیادت میں صوبہ سندھ میں شوٹنگ بال کھیل کے فروغ اور ترقی کے لیے بے مشال کردار ادا کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حاجی غلام محمد خان کی جانب سے سندھ کی ٹیموں کو اعلیٰ کارکردگی پیش کرنے پر نقد انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو کہ شہید بے نظیر بھٹو شوٹنگ بال اسٹیڈیم خیرپور میں منعقد ہوئی خان محمد نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کا مقام ہے کہ میڈیا کے زریعے مستقل معلومات حاصل ہوتی رہتی ہیں کہ ایک تسلسل کے ساتھ سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں شوٹنگ بال کے سندھ اور پاکستان کی سطح کے ٹورنامنٹس منعقد ہورہے ہیں۔

خان محمد نے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ سندھ سے آل پاکستان خیرپور پریس کلب ٹرافی کے لیے درخواست کی ہے اور انشااللہ یہ ایک عظیم ٹورنامنٹ ہوگا انھوں نے سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کو اپنے اور خیرپور پریس کلب کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اس موقع پر حاجی غلام محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک میں اس عہدے پر ہوں شوٹنگ بال کھیل اپنی ترقی کی منزلیں طے کرتارہے گا۔

میرا صرف ایک مشن ہے کہ شوٹنگ بال کھیل کو جو فٹبال کے بعد عوام کا دوسرا مقبول ترین کھیل ہے اس کو POA سے الحاق کرایا جائے جس کے لیے میں دو مرتبہ جنرل عارف حسن سے ملاقات کرچکا ہوں حاجی غلام محمد خان نے انکشاف کیا کہ انھوں نے اسٹیٹ بینک، پی این ایس سی اور نیشنل بینک میں شوٹنگ بال ٹیموں کی بحالی کے لیے متعلقہ حکام سے مزاکرات کیے ہیں جبکہ 15 فروری کو وزیراعلیٰ سندھ سے سندھ کے محکموں جن میں پولیس، کے ایم سی، کے ڈی اے اور سندھ گورنمنٹ پریس میں ٹیموں کی بحالی کے لیے ملاقات ہوگی۔

قبل ازین تقریب سے سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ڈاکٹر قیصر علی جتوئی ، سید ظفر علی شاہ، جاوید میمن اور شیخ عبدالمجید نے بھی خطاب کیا اس موقع پر خان محمد نے مختلف ٹیموں کو اعلیٰ کارکردگی پر 50 ہزار کے نقد انعامات دیئے حاجی غلام محمد خان نے شوٹنگ بال کھیل کے معروف سرپرست سائیں شبن علی شاہ مرحوم کی یاد میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کی ونر، رنر ٹرافی اور مین آف دی ٹورنامنٹ کے انعامات دینے کا اعلان کیا۔