فیصل آباد (پ ر) صدر موبائل ایسوسی ایشن کچہری بازار چوہدری خالد جٹ نے کہا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کی جانب سے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اگر ہڑتال کی کال پہلے ہی واپس لے لی ہوتی تو آج قومی ادارے کو اربوں روپے کا نقصان نہ ہوتا اور نہ ہی عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ اپوزیشن جماعتوں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا اور حکومت کیخلاف نیا محاذ کھول کر ملکی معاشی ترقی کو روکنے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
خالد جٹ نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مثبت کردار ادا کرتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اپنایا اور ملازمین کو اربوں کا نقصان کرنے کے باوجود بھی خوش دلی سے کام کرنے کی اجازت دے کر بڑے ہونے کا ثبوت دیا۔ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ختم ہونے سے سیاسی دوکانداری چمکانے والوں کا بوریا بستر گول ہوگیا۔