کراچی (جیوڈیسک) ہالینڈ کی ملکہ 44 سالہ میکسیما پاکستان کے دو دن کے دورے پر ہیں، ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کی مالیاتی شمولیت برائےترقی کی خصوصی سفیر بھی ہیں ۔
ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے دورے میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ملکہ کو بتایا کہ نوجوانوں اور خواتین کو حکومت کی جانب سے دئے جانے والے قرضوں سے خاطر خواہ فوائد حاصل ہو رہے ہیں اور اس سے انسانی سرمائے اور خواتین کو بااختیار بننے میں مدد مل رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی مشیر ملکہ ہالینڈ نے بینک دولت پاکستان، عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے تعاون سے یونیورسل فنانشل انسلیشن انیشی ٹو پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔پروگرام میں عالمی بینک کے صدرجم ینگ کم، وزیر خزانہ اسحاق ڈاراورگورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمودوتھرانے بھی شرکت کی۔
ہالینڈ کی ملکہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام راولپنڈی کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ملکہ میکسیما نے بی آئی ایس پی پروگرام کے ’ای کامرس‘ پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔
پرکشش شخصیت کی مالک ملکہ میکسیما نے اسلام آباد میں فرسٹ وومین بینک کا دورہ بھی کیا۔ ملکہ میکسیما کے ہمراہ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور دیگر خواتین بھی تھیں۔
ملکہ نے غیرسرکاری تنظیموں کے وفد سے بھی ملاقات کی، ملکہ کا کہنا تھا پاکستان کے غریب اور پسماندہ لوگوں کو مالیاتی نظام میں لانے کی ضرورت ہے جس کے لئے حکومت سمیت نجی تنظیموں کو بھی آگے آنا پڑیگا۔
ہالینڈ کی ملکہ نے ایزی پیسہ سینٹر کا بھی دورہ کیا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی مشیر کا کہنا تھا پاکستانی خواتین کو اسمارٹ فونز تک رسائی دینے سے خواتین مزید خودمختار ہونگی۔