پشاور (جیوڈیسک) تین تدریسی اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ہڑتال آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ او پی ڈیز بند ہونے سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ہیلتھ ایمپلائز کوارڈی نیشن کونسل کی کال پر لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ہڑتال جاری ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال میں او پی ڈی اگرچہ کھلا ہے تاہم ڈاکٹر موجود نہیں۔ آپریشن تھیٹرز بھی بند پڑے ہیں اور وارڈوں میں ڈاکٹر ڈیوٹی انجام نہیں دے رہے جس سے دور دراز علاقوں سے علاج معالجے کے لئے آنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ہڑتالی ڈاکٹروں نے لازمی سروسز ایکٹ واپس لینے اور تین نکاتی مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔