لاہور (جیوڈیسک) نیب لاہور نے ڈی ایچ اے اراضی کرپشن اسکینڈل کے خلاف کارروائی کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔
گزشتہ کارروائی کے دوران مذکورہ اراضی اسکینڈل میں ملوث ملزم حماد ارشد کو گرفتار کیا گیا تھا، جس سے تفتیش جاری تھی اور اب ملزم کی جانب سے فراہم کی گئی اطلاعات پر نیب حکام نے چھاپہ مار کر سولہ ارب روپے کے کرپشن اسکینڈل میں ملوث شریک ملزم بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کو بھی گرفتار کر لیا ہے، جس سے قانون کے مطابق تفتیش کی جا رہی ہے۔
جبکہ نیب حکام کے مطابق اس اسکینڈل میں شریک دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہید فوجیوں کے ورثاء سمیت متعدد شہریوں کا حق پامال کیا ہے، ملزم کو کل احتساب عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔