برلن (جیوڈیسک) برلن میں جاری 66 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی رنگینیاں عروج پر ہیں، اسی سلسلے میں ہالی وڈ کی سائنس فکشن ایکشن فلم ’مڈنائٹ ا سپیشل‘ کے رنگا رنگ پریمیئر کا انعقاد ہوا۔
پریمیئر میں فلمی ستاروں نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے اور فوٹو گرافروں کو خوب پوز دئیے۔ہدایتکارو رائٹر جیف نکول کی یہ فلم باپ بیٹے کی ایسی انوکھی محبت کی داستان کی عکاسی کر رہی ہے جس میں 8 سالہ بیٹے کی حیرت انگیز اور غیر معمولی طاقتوں کی وجہ سے باپ کو اسے دشمنوں سے بچاتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کرنا ہوتاہے۔
سارہ گرین اوربرائن جونز کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم میں مائیکل شینن، جوئیل ایجرٹن ، کرسٹن ڈنسٹ، سیم شیپرڈاور ایڈم ڈرئیور اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
18 ملین ڈالر لاگت سے ٹرائی اسٹارپکچرز اور ایورسٹ انٹرٹینمنٹ کی تیار کردہ یہ سنسنی خیز سائنس فکشن ڈرامہ فلم وارنر بروس پکچرز کے تحت 18 مارچ کو امریکی سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائیگی۔