خیبر پی کے (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں گیس اور تیل کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں وفاقی حکومت ساتھ دے تو ایل این جی کے لئے قطر نہیں جانا پڑے گا۔
وفاقی حکومت خیبر پی کے کی ترقی میں روڑے اٹکا رہی ہے اور پنجاب میں 200 ارب کی اورنج ٹرین بنا رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کا مناسب حل خود مختار ریاست ہے، پاکستان اور بھارت دونوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر سے اپنی فوجیں نکالیں اور خطے کو دس سال کے لئے ملٹری فری زون بنا کررائے شماری کرائی جائے۔ کشمیری جس کے ساتھ رہنا چاہیں رہنے دیا جائے۔
آزاد کشمیر کے انتخابات میں پوری قوت سے حصہ لیں گے اور ہر حلقے میں جا کر خود انتخابی مہم چلاﺅں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا خیبر پی کے کی ترقی سے خوفزدہ ہے۔ ن لیگ سمجھتی ہے کہ اگر خیبر پی کے ترقی کرے گا تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ اگر وفاق خیبر پی کے میں تیل اور گیس کے ذخائر پر کام کروانے کیلئے فنڈز دے تو خطے میں خوشحالی آ سکتی ہے۔
وفاقی حکومت کو خیبر پی کے میں تبدیلی اور ترقی سے حکومت کو آئندہ انتخابات میں اپنی ہار واضح نظر آ رہی ہے اس لئے وہ ابھی صوبے میں ترقی کے اس اہم منصوبے میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے دھاندلی کے خلاف میکنزم بنا لیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ ضمنی انتخابات شفاف ہوئے جہانگیر ترین واضح اکثریت سے جیت گئے۔