ریاض (جیوڈیسک) سعودی دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ ایران میں سعودی عرب کے قونصل امور کی دیکھ بھال سوئٹزر لینڈ کریگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سوئٹزر لینڈ سعودی عرب آنے والے ایرانی زائرین کو سہولت فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد سعودی عرب نے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا اور دونوں ممالک کے حالات کشیدہ ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ریاض میں اپنے سوئس ہم منصب کے ساتھ نیوز کانفرنس میں بتایا کہ سوئٹزرلینڈ نے سعودی عرب کے ایران میں قونصل خانے کے معاملات دیکھنے کی پیشکش کی جس کو ہم نے قبول کر لیا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوئٹزرلینڈ سے ایران کے ساتھ تنازع کے حل کیلئے ثالثی کیلئے نہیں کہا اور جب تک ایران ہمسایہ ممالک میں مداخلت بند نہیں کریگا اسکے ساتھ تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔