کراچی (جیوڈیسک) اتحاد تنظیمات مدارس نے سندھ میں مدارس کی رجسٹریشن پر قانون سازی کی مخالفت کر دی۔ مفتی منیب الرحمان کا کہنا ہے یہ ظل الہیٰ بننے کا دور نہیں، کیا موجودہ حالات میں سرکاری خطبہ ممکن ہے، ادھر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور عبدالقیوم سومرو کہتے ہیں موجودہ حالات میں سرکاری خطبہ ممکن ہے۔
کراچی میں اتحاد تنظیمات مدارس کے علما ء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمن نے مدارس کی رجسٹریشن پر تحفظات کا اظہار کیا۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ نئے مسائل کھڑے نہ کریں، ملک انتشار کا شکار ہے، کیا موجودہ حالات میں سرکاری خطبہ ممکن ہے۔
ادھر وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور عبدالقیوم سومرو نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا 98 فیصد مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
عبدالقیوم سومرو نے کہا نفرت انگیز تقاریر سے متعلق ایک ضابطہ بنایا جا رہا ہے، موجودہ حالات میں سرکاری خطبہ ممکن ہے۔ عبدالقیوم سومرو نے کہا کوئی بھی ممبر مسجد میں بیٹھ کر واجب القتل ہونے کا فتویٰ نہیں دے گا، کسی بھی فرقے کے جذبات مجروح نہیں ہونے دئیے جائیں گے۔