کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایران کی اقتصادی راہداری منصوبے میں شمولیت کی خواہش کو اقتصادی راہداری اور پاکستان کے مستقبل کیلئے سودمند قرار دیتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو اگر پوری قومی دیانتداری سے مکمل کیا جاتا ہے تو یہ منصوبہ پاکستان و عوام کی تقدیر بدلنے کا باعث بن سکتا ہے مگر گوادر کی طرح پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف بھارتی سازشیں فکر انگیز ہیں۔
کیونکہ بھارت پاکستان کی اقتصادی ترقی کسی طور برداشت نہیں کرسکتا اسلئے وہ اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے دہشتگردی سمیت اس منصوبے کیخلاف تحفظات کو ہوا دینے اور اس منصوبے کو اس کی روح کے بر خلاف جانبداری وکرپشن کی جانب گامزن کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔
لیکن اگر سیاسی قیادت نے مفادات ‘ منافقت ‘کرپشن اورلسانیت کی روایت سے دامن بچائے رکھا تو بھارتی سازشیں ناکام ہوجائیں گی اور ایران کی اس منصوبے میں شمولیت سے یہ منصوبہ کہیں زیادہ مفید ثابت ہوگا۔