ہم نے مشکل ترین حالات میں بھی علم حق بلند رکھا، شاہد ہاشمی

 Karachi

Karachi

کراچی (پ ر) ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی، کراچی اور رکن مرکزی شوریٰ شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ آج ہر سمت تبدیلی اور انقلاب کا شور بپا ہے اور عوامی بھی تبدیلی کیلئے آمادہ نظر آتے ہیں لیکن اس وقت انقلاب کی درست سمت کا تعین نہایت ضروری ہے جس کا راز شریعت محمدی ۖ میں مضمر ہے۔ پاکستان میں سارے نظام آزمائے جاچکے اب اسلامی انقلاب کی باری ہے اور انقلاب باطل نظام کو پلٹ کر حق کو غالب کردینے کا نام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون دستگیر کے زیر اہتمام غوثیہ مسجد فیڈرل بی ایریا، بلاک 9 میں منعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قیام کا مقصد ایک عالمگیر تحریک کا آغاز تھا ہمارے پیش نظر ایک مکمل نظام ، تہذیب اور ثقافت کا غلبہ ہے اور اس کے لئے ہم نے لائحہ عمل طے کیا ہے ہم برسرزمین اور اور آئینی طریقوں کے ذریعے تبدیلی چاہتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ حق جب تک واضح نہیں ہوسکتا جب تک باطل کی آگاہی نہ ہو اس کام کیلئے جماعت اسلامی کے کارکنان نے لوگوں کے اذہان کی آبیاری کی ہے۔ ہم نے مشکل ترین حالات میں بھی علم حق بلند رکھا ۔ شہر کراچی میں ہماری قربانیوں کی ایک تاریخ رقم ہے۔

انھوں نے کہا کہ کارکنان نے دعوت، تنظیم اور سیاسی معاملات کو لیکر پیہم جدوجہد کرنی ہے۔ ہمیں انتخابی خرابیوں کے باوجود انتخابی عمل کا حصہ بن کر ان خرابیوں کو دور کرنا ہے۔ ہم اقامت دین کا کام کررہے ہیں۔ ہماری محبت کا مرکز نبی اکرم ۖ کی ذات گرامی ہے۔ آپس میں محبت و اخوت جماعت کا خاصہ ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم دین کی دعوت کا کام اپنے گھروں میں بھی مربوط انداز میں کریں، گھروں کو دعوتی یونٹ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ توبہ کا دروازہ ہر وقت کھلا ہے۔ توبہ واستغفار سے ہمارے تمام مسائل و مشکلات حل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اساس کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے، جماعت اسلامی کی دعوت گھرگھرعام کرنے کی ضرورت ہے، اللہ کی کبریائی اور شریعت محمدی ۖ کے نفاد تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کلچر نے والدین کو بچوں کی محبت اور بچوں کو والدین کی شفقت سے محروم کیا ہے۔ اجتماع کارکنان میں جماعت اسلامی زون دستگیر کے منصوبہ عمل 2016-2017پیش کیا گیا اور ناظمین علاقہ جات کا تعارف بھی کرایا گیا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320