اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔پہاڑی علاقوں میں سردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ،برف باری کے بعد میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ۔
سردی بڑھنے کے ساتھ ساتھ جلانے کی لکڑی کی قیمت بھی بڑھتی جارہی ہے۔سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن میں سخت سردی کا راج ہے،گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے بالائی علاقوں نانگا پربت،نیاٹ ویلی،بابوسر ٹاپ اوربٹوگا ٹاپ میں وقفے وقفے سے ہلکی برف باری جاری ہے۔چلاس شہر میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
سرد موسم کے باعث موسمی بیماریوں میں بھی اضافہ ہورہا ہےاورکوئلہ اور جلانے والی لکڑی اور گرم مشروبات کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے-
گلیات میں حالیہ برف باری کے کئی دن گرزنے کے باوجود بھی متعدد رابطہ سڑکیں ابھی تک بند ہیں،جس سے مقامی آبادی کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
چمن پشین زیارت مسلم باغ خانوزئی سمیت بلوچستان کے شمالی علاقے بدستور خشک اور سخت سرد موسم کی لپیٹ میں ہیں، سرد ہوائیں چلنے سے جگہ جگہ سڑکوں پر آگ جلائے ہاتھ تاپتے لوگ نظر بھی آتے ہیں ۔
ادھرسندھ اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں بھی موسم ہلکا سرد ہوگیا ہے۔