لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان کو ملنے والے ایف 16 طیاروں پر بھارت کے واویلا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ درآمد کرنے والا ملک ہے پاکستان کو طیاروں کی فراہمی پر بھارت نے اپنی بد نیتی کو آشکار کیا ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی کا سامنا ہے اور اُس کے لئے پاکستان نے دہشت گردی کی اس عالمی جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ بھارت کے پاس فوج اور اسلحہ کے بہت بڑے ذخائر ہیں پاکستان کو 08 ایف سولہ طیاروں کی فراہمی پر ہی بھارت کا شور مچانا اصل میں اُس کی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ بھارت خود تو پوری دنیا سے اسلحہ کے خریدنے کے معاہدے کر رہا ہے ابھی کچھ عرصہ قبل بھارت امریکہ اور روس سے معاہدے کر چکا ہے پاکستان پہلے ہی اس بات کو عالمی سطح پر اُٹھا چکا ہے کہ بھارت نے اسلحہ کی دور میں خطے کو عدم استحکام کا شکار کیا ہے اور خاص طور پر پاکستان کا استحکام بھارت کو ایک آنکھ نہیں بھاتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس طرح کھل کر پاکستان کے مفاد میں جانے والے معاملے کی مخالفت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کبھی بھی پاکستان کا دوست نہیں ہو سکتا ضروت اس امر کی ہے کہ ہمارے حکمران اس روش سے سبق سیکھیں اور بھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانے کی بجائے عالمی سطح پر ٹھوس خارجہ پالیسی کے ذریعے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کریں تاکہ بھارت جو عالمی سطح پر پاکستان کے چہرے کو مسخ کر رہا ہے اُس کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح بھارت میں امریکہ کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج کیا گیا اسی طرح پاکستانی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ بھارت کے سفیر کو طلب کر کے تحریری طور پر احتجاج ریکارڈ کرائے کہ ایک طرف تو بھارت پاکستان کے ساتھ دوستی کے دم بھرتا ہے اور تعلقات میں بہتری لانے کی باتیں کرتا ہے لیکن دوسری طرف پاکستان کے چھوٹے سے معاہدے پر شور مچا رہا ہے بھارت کی اس طرح کی دوغلی پالیسی کسی طور قبول نہیں کی جائے گی۔